اسلامک یونیورسٹی طالبہ ایمان قتل کیس: ملزم فیروز گرفتار، سنگین جرائم میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف

اسلامک یونیورسٹی طالبہ ایمان قتل کیس: ملزم فیروز گرفتار، سنگین جرائم میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف

اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے اندوہناک قتل میں ملوث مرکزی ملزم فیروز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

 ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزم جھنگ کا رہائشی ہے جو واردات کے بعد روپوش ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ہے۔ڈی آئی جی کے مطابق ملزم فیروز یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مخصوص منصوبہ بندی کے تحت داخل ہوا تھا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ وہ ماضی میں ریپ اور موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں بھی چالان یافتہ ہے۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ تفتیش کا عمل جاری ہے اور حاصل ہونے والے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مکمل چالان عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیس نہ صرف طالبات کی سیکیورٹی بلکہ تعلیمی اداروں میں امن و امان کے حوالے سے بھی ایک اہم موڑ ہے۔یاد رہے کہ 19 اپریل کو اسلامک یونیورسٹی کے ہاسٹل میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ملزم نے ہاسٹل میں گھس کر ایمان کو اُس کی دوستوں کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد تھانہ رمنا پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا تھا۔