مون سون الرٹ: کئی علاقوں میں شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

مون سون الرٹ: کئی علاقوں میں شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران مشرقی اور مغربی دریاؤں، ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے جبکہ نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔اتھارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ شدید مون سون بارشوں اور مغربی ہواؤں کے ایک طاقتور سلسلے کے باعث 20 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی بالائی پنجاب میں فلیش فلڈنگ، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں دریائے چناب کے مقام مرالہ اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا امکان موجود ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں، ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں اور شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کریں۔عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔