ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس، مون سون کے ساتویں اسپیل کا آغاز، بارشوں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس، مون سون کے ساتویں اسپیل کا آغاز، بارشوں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد / لاہور / کراچی: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور شدید حبس برقرار ہے، تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

لاہور کا موسم
صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ موسم گرم اور مرطوب ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جو زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں مزید اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے، جبکہ ہوائیں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج سے مون سون کے ساتویں اسپیل کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے جس کے تحت بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی کا موسم
شہر قائد میں موسم ابر آلود اور مرطوب ہے، سرمئی بادل آسمان پر چھائے ہوئے ہیں اور محکمہ موسمیات نے آج ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو زیادہ سے زیادہ 30 سے 32 ڈگری اور کم سے کم 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا مغرب کی سمت سے 5 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جبکہ نمی کا تناسب 70 فیصد سے زائد ہے۔ مرطوب موسم کے باعث شہریوں کو بھاری پن اور پسینے کی شکایت ہو سکتی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم میں بہتری یا ہلکی بارش کے تسلسل کا امکان موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا الرٹ
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آج سے 15 اگست کے دوران بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، خاص طور پر لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ دریائے چناب اور راوی کے بالائی حصوں میں شدید بارش سے پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ دریاؤں سے ملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ تعینات رکھنے اور ریسکیو 1122 سمیت ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ پر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔