کراچی میں آج شدید مون سون بارشوں کا امکان، 100 ملی میٹر سے زائد بارش اور اربن فلڈنگ الرٹ جاری

کراچی میں آج شدید مون سون بارشوں کا امکان، 100 ملی میٹر سے زائد بارش اور اربن فلڈنگ الرٹ جاری

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون کا شدید اسپیل برسنے کو تیار ہے، جس کے دوران بعض علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق، سندھ میں موجود مون سون سسٹم "ڈیپ ڈپریشن" کی شکل اختیار کر چکا ہے، جو بھارت سے داخل ہوا ہے۔ اس کے راستے کی غیر یقینی اور پیچیدگی کے باعث بارش کی شدت ہر علاقے میں مختلف ہو سکتی ہے۔کراچی میں آج 4 سے 6 بارش کے اسپیل متوقع ہیں، جن میں شدید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ بارش کے دوران اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہو گی۔گزشتہ روز ملیر ندی میں برسوں بعد سیلابی کیفیت پیدا ہونا اس نظام کی شدت کی واضح علامت قرار دیا گیا ہے۔

تعلیمی سرگرمیوں پر اثر
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے بارش کے پیش نظر آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کرتے ہوئے کلاسز آن لائن لینے کا اعلان کیا ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ طلبہ اور عملے کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

موجودہ صورتحال
کراچی میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔