اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور اربن فلڈنگ کا خطرا ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، راولپنڈی، لاہور، گجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی نم آلود ہوائیں وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خاص طور پر اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب میں موسمی صورتحال میں تیزی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے دریائے راوی اور دریائے چناب میں کم درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ساتھ ہی 21 اگست تک ان دریاؤں سے منسلک برساتی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان بھی ہے۔دریائے سندھ کے کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو کے مقامات پر بھی کم درجے کا سیلاب جاری ہے۔
ڈیموں کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم پانی کی آخری حد تک پہنچ کر مکمل طور پر بھر گیا ہے، جبکہ منگلا ڈیم 69 فیصد بھر چکا ہے۔دریائے جہلم میں بھی آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر بروقت اختیار کریں۔