بھارتی پنجابی گلوکارہ جیسمین سینڈلاس کے دہرادون میں ہونے والے ایک کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس کے بعد مداحوں نے ان کی سیکیورٹی اور فنکاروں کے تحفظ سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
جیسمین سینڈلاس نے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ ایک مفت میوزیکل کنسرٹ میں اپنے مقبول گانے "سپ سپ"، "شرارت" اور "لاواں" پیش کیے، جہاں ہزاروں مداح موجود تھے۔ کنسرٹ کے دوران شائقین نے ان کی پرفارمنس کو بھرپور انداز میں سراہا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرفارمنس کے اختتام پر جیسمین سینڈلاس اسٹیج کے قریب موجود مداحوں سے ملاقات کر رہی ہیں اور ان کی جانب سے پیش کیے گئے پھول وصول کر رہی ہیں۔ اسی دوران چند افراد ان کے انتہائی قریب آ جاتے ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ بعض افراد نے گلوکارہ کو مبینہ طور پر نامناسب انداز میں چھوا۔ اگرچہ اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی تصدیق یا قانونی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ویڈیو کے بعد متعدد صارفین نے اس مبینہ رویے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ فنکاروں کی ذاتی حدود، عزت اور تحفظ کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہیے۔
مداحوں نے کنسرٹ انتظامیہ سے بھی سوال اٹھایا کہ اسٹیج کے قریب سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر کیوں نہیں تھے تاکہ فنکاروں اور شائقین دونوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکتی۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب اسی کنسرٹ میں جیسمین سینڈلاس نے اپنے منگیتر شیکھر چودھری کو اسٹیج پر مدعو کرتے ہوئے عوامی طور پر اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ اس خوبصورت لمحے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں اور مداحوں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔تاہم بعد میں سامنے آنے والی اس نئی ویڈیو نے توجہ خوشی کے اس موقع سے ہٹا کر فنکاروں کی سیکیورٹی اور عوامی تقریبات میں ذاتی حدود کے احترام جیسے اہم موضوعات کی جانب مبذول کرا دی ہے۔ تاحال جیسمین سینڈلاس یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس وائرل ویڈیو پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔