لائیو کنسرٹ میں جیسمین سینڈلاس نے منگنی کا اعلان کر دیا

لائیو کنسرٹ میں جیسمین سینڈلاس نے منگنی کا اعلان کر دیا

بھارتی پنجابی گلوکارہ جیسمین سینڈلاس نے دہلی میں اپنے لائیو کنسرٹ کے دوران مداحوں کو بڑی خوش خبری دیتے ہوئے اپنی منگنی کا اعلان کر دیا۔

اس یادگار لمحے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔دہلی کے یشودھومی کنونشن سینٹر میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران جیسمین سینڈلاس نے اپنے منگیتر شیکھر چوہدری کو اسٹیج پر مدعو کیا اور حاضرین کے سامنے اپنی منگنی کا باضابطہ اعلان کیا۔گلوکارہ نے مداحوں کو اپنی منگنی کی انگوٹھی بھی دکھائی اور کہا، ’’یہ وہ شخص ہے جس نے مجھے انگوٹھی پہنائی، یہی میرا ساتھی ہے۔‘‘ اس اعلان کے بعد دونوں نے اسٹیج پر ایک دوسرے کو گلے لگایا، جس پر حاضرین نے بھرپور تالیاں بجائیں۔کنسرٹ کے دوران جیسمین سینڈلاس اور شیکھر چوہدری نے گلوکارہ کے مقبول گیت ’لاواں‘ پر رومانوی انداز میں رقص بھی کیا، جبکہ اس موقع پر جیسمین جذباتی دکھائی دیں۔

یہ کنسرٹ جیسمین سینڈلاس کے "دی ڈریم گرل انڈیا ٹور" کا افتتاحی شو تھا، جس میں انہوں نے اپنے مشہور گیت ’تراس‘، ’ال لیگل ویپن‘، ’لاواں‘، ’پنجیبا‘، ’سِپ سِپ‘، ’شرارت‘ اور ’جائیے ساجنا‘ پیش کیے۔گلوکارہ کے اس ٹور کے آئندہ کنسرٹس ممبئی، بنگلورو اور چندی گڑھ میں منعقد ہوں گے، جہاں ان کے مداح بڑی تعداد میں شرکت کے منتظر ہیں۔