ویب ڈیسک:پاکستان کے مشہور گلوکار راحت فتح علی خان اور بالی ووڈ کے اسٹار سنجے دت کی ایک ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں دونوں کی ملاقات اور خوشگوار بات چیت کو دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو راحت فتح علی خان کے دبئی میں ہونے والے کنسرٹ کے بیک اسٹیج کی ہے، جہاں سنجے دت بھی موجود تھے۔ ویڈیو میں دونوں شخصیات ایک دوسرے سے بات کرتے ہوئے اور دوبارہ ملاقات کے منصوبے پر بات چیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں دونوں فنکاروں کی محبت اور ایک دوسرے کے لیے عزت و احترام واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔ راحت فتح علی خان نے اس ویڈیو کو اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جسے مداحوں نے بھرپور پسند کیا۔ اس ویڈیو کے ذریعے راحت اور سنجے دت کی دوستانہ ملاقات نے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔
راحت فتح علی خان اپنے کلاسیکل موسیقی اور بہترین گائیکی کے لیے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ انہوں نے اپنی موسیقی کے ذریعے عالمی سطح پر ایک خاص مقام حاصل کیا ہے۔ ان کا مشہور گانا "ضروری تھا" یوٹیوب پر ایک ارب ویوز کے ساتھ ایک سنگِ میل عبور کرنے والا پہلا پاکستانی گانا تھا۔ راحت فتح علی خان نے کئی ہٹ گانے، غزلیں اور قوالیاں گائیں ہیں، اور ان کے فیس بک پر 8.2 ملین فالوورز ہیں۔بھارتی فلم انڈسٹری کے ستارے بھی راحت فتح علی خان کی گائیکی اور شخصیت کی بے حد تعریف کرتے ہیں، اور ان کا ماننا ہے کہ وہ ایک عالمی سطح کے فنکار ہیں۔ اس ملاقات نے دونوں ملکوں کے فنون کی سرحدوں کو مٹاتے ہوئے ایک نئے تعلق کا پیغام دیا ہے۔