رستم کے علاقے عرفان نگر میں آسمانی بجلی گرنے سے پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں گھر کے ایک کمرے کی چھت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ان کی والدہ اور بہن شدید زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب آسمانی بجلی گھر پر گری، جس کے باعث کمرے کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔ چھت گرنے سے گھر میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے، جس پر اہلِ علاقہ نے فوری طور پر امدادی اداروں کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ملبہ ہٹا کر متاثرین کو باہر نکالا گیا، تاہم 2 سالہ محمد حسین اور 1 سالہ زنیرہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو چکے تھے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں محمد طاہر کی اہلیہ اور ان کی 14 سالہ بیٹی بھی شدید زخمی ہوئیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر ایم ایم سی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور اہلِ محلہ نے جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کے موسم میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے، اس لیے شہریوں کو خراب موسم کے دوران کھلے مقامات، بلند درختوں اور غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔