15 پرکالز پر فوری ریسپانس دیا جائے: اخلاق اللہ تارڑ

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے تھانہ مصطفیٰ آباد کا اچانک دورہ کیا، جہاں ڈی ایس پی ندیم یسین اور ایس ایچ او مصطفیٰ آباد نے تھانے کے تمام سیکشنز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ایس پی کینٹ نے تھانے کی کوت، ریکارڈ روم اور فرنٹ ڈیسک پر موصول ہونے والی درخواستوں کو چیک کیا جبکہ حوالات کی صفائی، زیرِ حراست ملزمان کی حفاظت اور سیکیورٹی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی پی ایس کی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ایس آئی پی ایس کی جدید سہولیات سے عوام الناس کو بھرپور فائدہ پہنچایا جائے۔ایس پی اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ 15 پر موصول ہونے والی کالز پر فوری ریسپانس دیا جائے، غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ غیر قانونی حراست، زیرِ حراست ملزمان پر تشدد یا نجی ٹارچر سیل جیسے غیر قانونی اقدامات ہرگز قابلِ قبول نہیں ہوں گے۔ایس پی کینٹ نے فرنٹ ڈیسک پر موصول ہونے والی درخواستوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سہولت آفیسر اور گائیڈ کنسٹیبل تھانے میں آنے والے شہریوں کی مکمل رہنمائی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ روایتی پولیسنگ سے ہٹ کر جدید اور سمارٹ پولیسنگ کو فروغ دیا جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو سکے۔