محرم الحرام پنجاب میں پہلی بار سائبر پٹرولنگ ، فوری ریسپانس کی تعیناتی ، موبائل فونز کی نگرانی کا فیصلہ

 پنجاب بھر میں ایک لاکھ 10ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، مجالس کی سکیورٹی کے لیے 79رینجر اہلکار بھی مدد کریں گے، دفعہ 144 نافذ ہوگی
سینئر صوبائی وزیر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ، دوران محرم ہر ضلع میں سپوکس پرسن مقررکرنے کا فیصلہ ، فیک نیوز اور افواہ سازی کے خاتمے کی حکمت عملی تیار
لاہور(آئی این پی )محرم الحرام کے دوران پنجاب میں پہلی بار سائبر پٹرولنگ اور فوری ریسپانس فورس کی تعیناتی جبکہ موبائل فونز کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں 25 جون کو محرم سکیورٹی پلان کی حتمی منظوری د ی جائے گی ۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں دوران محرم ہر ضلع میں سپوکس پرسن مقررکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور افواہ سازی کے خاتمے کی حکمت عملی تیار، خلاف ورزی پر پرچے اور سزائیں ہوں گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم میں پنجاب بھر میں ایک لاکھ 10 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ 38 ہزار 217 محرم مجالس کی سکیورٹی کے لیے 79 رینجر اہلکار بھی مدد کریں گے، دفعہ 144 نافذ ہوگی۔اجلاس میں صحت، خزانہ، داخلہ، خوراک سمیت تمام صوبائی سیکرٹریز اور ریجنل پولیس افسران نے شرکت کی، جس میں سکیورٹی پلان کے تحت یکم سے دس محرم سے قبل، دوران محرم اور اس کے بعد کے تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ علماء اور امن کمیٹیوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کر لی گئی جبکہ اجلاس کو جلوسوں کے راستوں، مرمت و صفائی، بجلی کے تاروں، خراب ٹرانسفارمز سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے محرم میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کی ہدایت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محرم سے متعلق انتظامات اور سکیورٹی دستوں کی پیشگی مشق کی جاچکی ہے، سیف سٹی کیمروں سے مکمل نگرانی ہوگی، شہریوں کی راہنمائی اور جلوس کے شرکاء کی سہولت کے لیے واضح نشانات آویزاں ہوں گے۔ مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز، ڈی جی پی آر میں فیک نیوز کی نگرانی کا مرکز بنا دیا گیا۔ایک ہی ڈیزائن کی سبیلیں لگیں گی اور شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے اوقات میں تبدیلی کی بھی تجویز ہے۔وزیراعلیٰ نے سائے اور پانی کی فراہمی، فرسٹ ایڈ پوائنٹس کے قیام، فیلڈ ہسپتال، کلینکس آن ویلز کی ہروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جلوس کے راستے میں پبلک ٹوائلٹس کے قیام، گٹروں کے ڈھکن چیک کرنے وار ساتھ ساتھ صفائی کا انتظام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ متبادل ٹریفک، پارکنگ مقامات اور خواتین پولیس اہلکاروں کی فراہمی کے انتظامات بھی کر لیے گئے۔ داتا صاحب اور گنج شکر کے عرس سمیت جھنگ اور دیگر اضلاع میں مذہبی تقریبات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔خواتین پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران ذاتی موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈرونز کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی ہوگی، سکیورٹی فورسز کے سوا اسلحہ پر مکمل پابندی ہوگی۔ جلوسوں کے داخلی مقامات پر چہروں سے شناخت کرنے والے کیمرے لگائے جائیں گے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ محرم اسلامی کلینڈر کا مقدس مہینہ ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کے لیے سکیورٹی، سہولت اور صفائی کا بڑی عید کی طرح ریکارڈ قائم کرنا ہے۔