غیر قانونی پتنگوں اور ڈور کی ترسیل کو ناکام بنانے میں پولیس تعاون کریں
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی سٹی بلال احمد کی زیر صدارت سٹی ڈویڑن کے تاجر برادری، لائسنس ہولڈر مینوفیکچررز، ٹرانسپورٹرز اور علاقہ کی معزز سماجی شخصیات کے ساتھ بسنت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوااجلاس میں ایس پی سٹی نے بسنت کے ایونٹ کو محفوظ بنانے کے لیے حکومتی احکامات سے شرکاء کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے جن افراد کو پتنگیں تیار اور فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے، صرف وہی افراد قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اس عمل کی اجازت رکھتے ہیں۔ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ صرف رجسٹرڈ افراد ہی مقررہ اجازت والے دنوں میں پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے جبکہ غیر قانونی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بسنت کے دوران چھتوں پر ہوائی فائرنگ، شراب نوشی اور ہلڑ بازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے ٹرانسپورٹر حضرات سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی پتنگوں اور ڈور کی ترسیل کو ناکام بنانے میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ ایس پی سٹی نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے بسنت کے لیے جن دنوں کا اعلان کیا گیا ہے، ان سے قبل اور بعد میں پتنگ بازی اور اس کی خرید و فروخت کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں شرکاء سے اپیل کی گئی کہ وہ بسنت کو محفوظ بنانے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور علاقہ کے معززین اپنے اپنے علاقوں میں عوام الناس کو حکومتی احکامات سے آگاہ کریں۔ ایس پی سٹی نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ اور سیفٹی وائر کے استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے بلند عمارتوں پر چڑھ کر پتنگ بازی کی روک تھام کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ پتنگ بازی کو کنٹرول کرنے والی ٹیمیں علاقوں میں مؤثر پیٹرولنگ کر رہی ہیں۔ غیر قانونی پتنگ بازی اور اس کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا۔ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ بسنت کے حوالے سے حکومتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور پتنگ بازی و اس کی خرید و فروخت صرف گورنمنٹ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگی۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے بسنت کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔