ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی ،2ملزم گرفتار

 لاہور (کرائم رپورٹر) گڑھی شاہو میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رات گئے گلی محلوں میں ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو ریلوے اسٹیڈیم گراؤنڈ سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کرکے حراست میں لیا گیا۔ فوٹیج میں دونوں ملزمان کو سرعام ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عمر اور امیر حمزہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔