گھر میں آگ بھڑک اٹھی ،5افرادجھلس گئے

ڈیرہ چہل بیدیاں روڈ پر گھر میں آ گ لگی ،نیازی چوک چونگی امرسدھو کے علاقے میں بھی آتشزدگی 
 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈیرہ چہل بیدیاں روڈ پر واقع ایک گھر میں آگ لگنے سے 5افراد جھلس گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ڈیرہ چہل بیدیاں روڈ سے گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی،جس پر ریسکیو فائر فائٹرز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔آگ کے باعث گھر میں موجود پانچ افراد جھلس گئے جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں زخمیوں کو مزید علاج کے لیے میو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔نیازی چوک چونگی امرسدھو کے علاقے میں ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی،جس پر ریسکیونے فوری کارروائی کی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ایمرجنسی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کا عمل شروع کیاریسکیو حکام کے مطابق آگ گھر کے ایک کمرے میں موجود سامان میں لگی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ریسکیو کی جانب سے کولنگ کا عمل مکمل کر کے علاقے کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔