وحدت روڈ مصطفیٰ ٹاؤن میں شعبان جان گنوا بیٹھا ،فیکٹری کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)وحدت روڈ مصطفی ٹاؤن میں ایک گھر میں آگ لگنے کے نتیجے میں 65 سالہ بزرگ جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی کی۔آگ گھر کے ایک کمرے میں لگی جہاں معذور بزرگ موجود تھے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد شعبان ولد اللہ رکھا کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر 65 سال تھی۔لواحقین کے مطابق مرحوم سگریٹ نوشی کے عادی تھے اور کمرے میں ہیٹر بھی چل رہا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب کمرے میں آگ بھڑکی تو انہیں بروقت آگاہی نہ ہو سکی، جس کے باعث قیمتی جان ضائع ہوگئی۔ روہی نالہ نزد گجومتہ میں واقع ایک فیکٹری کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق گودام میں موجود گتے کے سامان کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی، تاہم فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔