ضلع بھرمیں ناکہ بندی،ڈی پی او اوکاڑہ کی ہسپتال میں کانسٹیبل مدثر کی عیادت
دیپالپور،بصیر پور(خصوصی رپورٹ)ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا ، ملزموں کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر میں ناکہ بندی کے احکامات جاری ،دیپالپور کے تھانہ صدر کے علاقہ کچہ پکہ میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر ڈاکو ئوں کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد نے اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں مدثر نامی پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال دیپالپور منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے،واقعہ کے بعد ملزم فرار ہو گئے۔ ڈی پی او راشد ہدایت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع بھر میں ناکہ بندی کا حکم دیا۔علاوہ ازیں ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت ڈاکو ئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کانسٹیبل مدثر کی عیادت کے لیے سول ہسپتال ساہیوال پہنچ گئے،ڈی پی او نے پولیس جوان کی صحت کے متعلق دریافت کیا اور ڈاکٹرز سے تفصیلی بات چیت کی، ایس ایچ او سٹی دیپالپور بھی انکے ہمراہ ہسپتال میں موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ مدثر جیسے بہادر جوان محکمہ پولیس کا فخر ہیں،یہ نوجوان اوکاڑہ پولیس کا بہترین اثاثہ ہے۔