سرکاری رہائش کے باوجودوفاقی وزراکو34لاکھ سے زائد ہائوس رینٹ ادائیگی

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی وزرا اور وزرا مملکت نے رواں مالی سال 2024-2025 کے دوران تنخواہوں اور الائونسز کی مد میں مجموعی طور پر پانچ کروڑ 51 لاکھ 59 ہزار روپے وصول کیے ۔ دستاویز ات کے مطابق وفاقی وزرا اور وزرا مملکت کے بیرون ممالک دوروں پر ٹریولنگ و ڈیلی الائونس کی مد میں دسمبرتک مجموعی طورپر دوکروڑ ایک لاکھ 50 ہزار روپیاخراجات ہوئے ۔ ٹریولنگ الائونس کی مد میں چھ ماہ میں ایک کروڑ 73 لاکھ 98 ہزار روپے اور ڈیلی الائونس کی مد میں 27 لاکھ94 ہزار روپے اخراجات ہوئے ۔ وفاقی وزرا نے وزرا کالونی اور پارلیمنٹ میں رہائش گا ہوں کے باوجود ہائوس رینٹ الائونس کی مد میں 34 لاکھ 30ہزار روپے وصول کیے ۔ وفاقی وزرا اور وزرامملکت نے رواں مالی سال کے چھ ماہ میں بنیادی تنخواہ کی مدمیں ایک کروڑ 30 لاکھ ر وپے اور ایڈہاک ریلیف الائونس 2017 کی میں تیرہ لاکھ روپے، اندرون ملک ٹریونگ الائونس کی مد میں ایک کروڑ 33 لاکھ روپے، یوٹیلیٹی الائونس کی مد میں 12 لاکھ روپے ، ٹیلی کمیونیکیشن الائونس کی مد میں تین لاکھ 28 ہزار روپے، یوٹیلیٹی الائونس برائے گیس کی مد میں 95 ہزارروپے، یوٹیلیٹی الائونس برائے الیکٹرک سٹی کی مد میں ایک لاکھ 71 ہزار روپے وصول کیے۔