مقابلہ: ساتھیوں کی فائرنگ، 2ڈاکو ہلاک

 5ڈاکو مزاحمت پر شہری کو زخمی کرکے فرار ہوئے ،سی سی ڈی کینٹ نے تعاقب کیا توفائرنگ کردی 
ہلاک ڈاکوؤں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں، اسلحہ برآمد ، 3ملزم فرار
لاہور(کرائم رپورٹر)ہیئر کے علاقے میں سی سی ڈی کینٹ اور پانچ موٹر سائیکل سوار مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ تین اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پانچ ڈاکوؤں نے دوران ڈکیتی ایک شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا، جس کے بعد ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع سی سی ڈی کینٹ کو ملی۔سی سی ڈی کینٹ اہلکاروں نے پانچوں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ دونوں جانب سے ہونے والی کراس فائرنگ کے دوران دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے، جبکہ تین ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولیوں کے میگزین برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیں جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔