190 ملین پائونڈ ریفرنس میں سزائوں کیخلاف اپیل تیار

اسلام آباد (آئی این پی)القادر ٹرسٹ کیس (190 ملین پائونڈ ریفرنس) میں سزا کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیل تیار کرلی گئی ہے، مذکورہ درخواست 21 جنوری کو ہائی کورٹ میں دائر کیے جانے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دو وکلاء عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے سزائوں کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔وکلاء میں بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ شامل ہیں، جن کے وکالت نامے مجرموں سے دستخط کرانے کیلئے اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کردیے گئے ہیں۔ جیل حکام وکالت نامے پیر کو وکلا ء کو واپس کریں گے ۔وکیل خالد یوسف کا کہنا ہے کہ وکالت نامے جیل حکام نے لے لیے ہیں اور ہمیں اندر نہیں جانے دیا گیا۔