عمران خان کیخلاف 190 ملین پائونڈ ریفرنس کا فیصلہ آج

توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر اعتراض دور کرنے کی ہدایت 
9 مئی کے 8 مقدمات میں درخواست ضمانتوں پر ہائیکورٹ کا نوٹس جاری
اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، پشاور (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاوٓنڈ ریفرنس کا فیصلہ آج دن ساڑھے 11بجے سنایا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق عدالتی عملے کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو آگاہ کردیا گیا۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا محفوظ فیصلہ سنائیں گے۔خیال رہے 190ملین پاوٓنڈ ریفرنس کا فیصلہ 3مرتبہ مو خر کیا جاچکا ہے، ریفرنس پر احتساب عدالت نے فیصلہ 18دسمبر 2024کو محفوظ کیا تھا اور فیصلہ سنانے کیلئے پہلے 23دسمبر اور اس کے بعد 6جنوری تاریخ مقرر کی تھی، تیسری 13جنوری کی تاریخ دی تاہم اس روز بھی فیصلہ نہیں سنایا جاسکا اور موخر کر دیا گیا۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے استفسار کیا اعتراضات کیا ہیں ؟ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا مصدقہ کاپیز منسلک نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا گیا،جسٹس میاں گل حسن نے کہا بشریٰ کے درخواست پر دستخط موجود نہیں، وہ کروا لیں،آپ کیا چاہتے ہیں یہ عدالت ٹرائل کورٹ کو آرڈر کرے کہ ایک دن سماعت کریں ایک دن نہ کریں، سلمان صفدر نے کہاکہ جب تک ہماری اس درخواست کو ڈائری نمبر نہیں لگ جاتا عدالت ایسا آرڈر کردے، جسٹس میاں گل حسن نے کہا یہی تو پوچھ رہا ہوں کیا یہ عدالت ٹرائل کورٹ کو ایسی کوئی ڈائریکشن دے سکتی ہے؟ عدالت نے سلمان صفدر کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی۔ سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں ملزمان کے وکیل نے پانچویں گواہ پر جرح مکمل کر لی، عدالت نے سماعت 20جنوری تک ملتوی کر دی۔ بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی عدالت حاضر نہیں ہوئیں۔ وکیل نے گواہ طلعت محمود پر جرح مکمل کی، 5گواہوں پر جرح مکمل اور 7گواہ شہادت قلمبند کروا چکے، عدالت ملتوی کر دی۔ بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی عدالت حاضر نہیں ہوئیں۔ وکیل نے گواہ طلعت محمود پر جرح مکمل کی، 5گواہوں پر جرح مکمل اور 7گواہ شہادت قلمبند کروا چکے، عدالت نے آئندہ سماعت پر کسٹم اپریزر ثنا سعید اور رابعہ کو بطور گواہ طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی کے 8مقدمات میں درخواست ضمانتوں پر پولیس سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا اور سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ اور جسٹس اسجد جاوید پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ بانی کی جیل سہولیات کے حوالے سے نظر ثانی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکردی گئی۔وکیل فیصل فرید چودھری کی جانب سے دائر نظر ثانی درخواست میں موقف اختیارکیاگیاکہ 10جنوری کوسپیشل جج سنٹرل عدالت شاہ رخ ارجمند نے جیل سہولیات کے حوالے سے حکم جاری کیا،استدعا ہے عدالت ٹرائل کورٹ کے حکم کے غلط استعمال کو روکنے اور قانون و آئین کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کرے۔پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے ایک ماہ کیلئیبشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی، چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی، پشاور ہائیکورٹ نے انہیں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔