190 ملین پائونڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر ؟

 عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیس کی آج نئی تاریخ دی جائے گی 
 احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا اورپیرکو سنانے کا اعلان کیا تھا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پائونڈ ریفرنس کا فیصلہ آج (پیر کو ) نہیں سنایا جائے گا۔گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے 190 ملین پائونڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا اور اعلان کیا گیا تھاکہ فیصلہ 23 دسمبر کو سنایا جائے گا۔اب ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی اور بشریٰ کے خلاف 190 ملین پائونڈ ریفرنس کا فیصلہ نہیں سنایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی عملے کی جانب سے پی ٹی آئی کے وکلا کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور احتساب عدالت اسلام آباد آج 190 ملین پاونڈ ریفرنس پر فیصلے کی نئی تاریخ دے گی۔ذرائع نے بتایاکہ 190 ملین پائونڈ ریفرنس کا فیصلہ جنوری 2025 کے پہلے ہفتے میں سنایا جائے گا۔خیال رہے کہ 190 ملین پائونڈ ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔ بانی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔190 ملین پائونڈ ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی بیان ریکارڈ کروایا۔ 190 ملین پائونڈ ریفرنس میں گزشتہ سال 27 فروری کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔