پاکستان میں تیل اور گیس کے ایک اور بڑے ذخیرہ کی دریافت

پاکستان میں تیل اور گیس کے ایک اور بڑے ذخیرہ کی دریافت

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں او جی ڈی سی ایل نے تیل اور گیس کا اہم ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔

 اس کنویں سے یومیہ 10 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 225 بیرل خام تیل حاصل ہونے کا امکان ہے۔ یہ دریافت تیل اور گیس کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔او جی ڈی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے اس اہم پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔ خط کے مطابق، ہنگو لمشیوال فارمیشن کے بارگزئی ایکس ون کنویں سے یہ تیل و گیس دریافت ہوئی ہے۔ اس کنویں میں او جی ڈی سی ایل کی 65 فیصد، پی پی ایل کی 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگ کی 5 فیصد شراکت داری ہے۔مزید برآں، سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار میں بھی نئے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں، جنہیں توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق، یہ دریافت درس ویسٹ 3 کنویں سے ہوئی ہے جہاں سے یومیہ تقریباً 97 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے۔کمپنی کے مطابق، پیدا ہونے والی گیس کو پراسس کرنے کے بعد اسے سوئی ناردرن کے نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا، جس سے قومی گیس ترسیلی نظام کو تقویت ملے گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کنویں سے یومیہ 580 بیرل کنڈینسیٹ کی پیداوار بھی متوقع ہے، جو ملکی توانائی ضروریات کے پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔