پاکستان میں گیس اور تیل کے مزید ذخائر دریافت ہو گئے ہیں، اور اس بار یہ دریافت شمالی وزیرستان کے علاقے میں ماڑی انرجیز لمیٹڈ نے کی ہے۔
کمپنی نے اپنی نئی دریافت کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق وزیرستان بلاک سے یومیہ 2 کروڑ 5 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 117 بیرل خام تیل حاصل ہوگا۔یہ دریافت پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ ملک میں توانائی کے بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس اور تیل کی نئی دریافتوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ ماڑی انرجیز نے گزشتہ ماہ بھی وزیرستان بلاک سے ایک اور بڑی گیس اور تیل کی دریافت کا اعلان کیا تھا، جس سے یومیہ 1 کروڑ 30 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کا تخمینہ تھا، اور ابتدائی طور پر 20 بیرل خام تیل بھی حاصل ہونے کی توقع تھی۔
یہ دریافتیں پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کریں گی، اور ملک کی توانائی کے شعبے کی خودکفالت کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہیں۔ ماڑی انرجیز نے اس پیشرفت کو توانائی کے بحران کے حل کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔ ماڑی انرجیز کا سابقہ نام ماری پیٹرولیم تھا۔