ویب ڈیسک: ماڑی انرجیز نے شمالی وزیرستان کے بلاک میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے، جو کہ ملک کے توانائی کے شعبے کے لیے اہم پیشرفت ہے۔
ماڑی انرجیز کے اعلامیے کے مطابق، اس نئی دریافت سے یومیہ 7 کروڑ 3 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہوگی، جو کہ ملک کی گیس کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ، ماڑی انرجیز نے یہ بھی بتایا کہ یومیہ 310 بیرل خام تیل بھی حاصل ہوگا، جس سے پاکستان کے تیل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور درآمدی تیل پر انحصار کم ہوگا۔ماڑی انرجیز کا کہنا ہے کہ یہ دریافت پاکستان کی توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ نئی ذخائر کی دریافت اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ، کمپنی نے کہا کہ یہ دریافت شمالی وزیرستان کے علاقے میں ہونے والی تلاش اور تحقیق کا نتیجہ ہے۔ماڑی انرجیز کے مطابق اس دریافت سے نہ صرف توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو کہ علاقے کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔