کراچی:گیس دھماکا، ،16 افرادجاں بحق،14 زخمی

 3 منزلہ عمارت کی چھتیں گراؤنڈ فلور پر آگریں، 4 بچے اور 6 خواتین بھی جاں بحق 
 علاقے میں خوف و ہراس ،صدر،وزیر اعظم،وزیر اعلٰی،گورنر سندھ کا اظہار افسوس
 کراچی(خصوصی رپورٹ)کراچی کے علاقے سولجر بازار گل رعنا کالونی میں قائم رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکے سے تین منزلہ عمارت کی چھتیں گراؤنڈ فلور پر گرنے سے ملبے تلے دب کر خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔مرنے والوں میں 4 بچے اور 6 خواتین بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ساڑھے تین بجے کے قریب پیش آیا ،اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس رینجرز موقع پر پہنچی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا ،ملبے کے نیچے سے 14 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا جنہیں طبی امداد کے لیے سول برنس وارڈ اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ،دس گھنٹے جاری رہنے والے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے کے نیچے سے 16 افراد کی لاشوں کو بھی نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں ،انچارج بم ڈسپوزل اسکواڈ عابد فاروق کے مطابق واقعہ گیس لیکیج کے باعث ہوا، سلنڈر نہیں پھٹا،گھر کے باورچی خانے میں گیس کی فٹنگ بھی ناقص تھی، جگہ جگہ گیس کی سپلائی کے لئے پلاسٹک کے پائپ استعمال کیے گئے ہیں،متاثرہ عمارت میں گیس کھینچنے والی مشینیں بھی لگی ہوئی تھیں، ابتدائی معلومات کے مطابق علاقے میں کئی روز سے گیس نہیں آرہی تھی،کل رات اچانک گیس کی تیز سپلائی شروع ہوئی،ممکنہ طور پر گیس چابی کھلی رہنے اور شارٹ سرکٹ یا ماچس جلانے سے دھماکا ہوا۔دوسری جانب صدرِ آصف زرداری ، وزیرِاعظم شہباز ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے سولجر بازار میں عمارت گرنے کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔