ٹریفک حادثات ،خاتون سمیت 5 افرادجاں بحق، 2 زخمی

خونی پلی پرموٹر سائیکل ٹریکٹر سے ٹکراگئی ،فیصل اور چچا زاد بہن دم توڑ گئے 
کامونکے میں کھڑے ٹرک سے تصادم ،مزدا ڈرائیور شکیل جان کی بازی ہار گیا 
لدھیوالہ وڑائچ ،عالم چوک ،نوشہرہ ورکاں ،کامونکے (خصوصی رپورٹ )ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دوبرجی ورکاں کا رہائشی 60 سالہ فیصل بیوی، چچا زاد بہن اور کم سن بچے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گوجرانوالہ سے براستہ بڈھا گورائیہ اپنے گاؤں واپس آ رہا تھا کہ دھاڑیوال خونی پلی کے قریب موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی ، خوفناک تصادم میں فیصل اور اس کی چچا زاد بہن موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ فیصل کی بیوی شدید اور بچہ معمولی زخمی ہو گیا جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ پر ٹرک نے موٹر سائیکل سوار نزاکت علی ساکن نوشہرہ ورکاں کو کچل دیا جو موقع پر دم توڑ گیا۔ حافظ آباد روڈ گھوڑے شاہ چوک کے قریب ٹریکٹر ٹرالی نے نامعلوم موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا جو موقع پر دم توڑ گیا ، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ورثا کی تلاش شروع کر دی۔کامونکے میں سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے تصادم کے باعث مزدا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ اعظم چوک لیہ کا50 سالہ شکیل احمد تبسم سامان لوڈ کرکے لیجارہا تھا کہ نیند آجانے کی وجہ سے مزدا سادھوکی کے قریب جی ٹی روڈ کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں شکیل موقع پر ہی دم توڑ گیا۔صدر پولیس نے ریسکیو1122کی ٹیم کے ذریعے لاش کو تحصیل ہسپتال منتقل کر دیا۔