خانیوال‘عدالت پیشی پر جاتے ہوئے افراد پر فائرنگ، چار افرادجاں بحق

جاں بحق افراد کی شناخت ذکا اللہ، اسماعیل خان، مجید اور ہدایت اللہ خان کے ناموں سے ہوئی
 واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ،لاشیں ہسپتال منتقل،آئی جی عبدالکریم خان نے رپورٹ طلب کر لی
خانیوال(آئی این پی) عدالت پیشی پر جاتے ہوئے نیازی چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد عدالت میں پیشی کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جاں بحق افراد کی شناخت ذکا اللہ، اسماعیل خان، مجید اور ہدایت اللہ خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔  ان کی رہائش 30 10/ار کچا کھوہ میں ہے  ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس مختلف پہلوں سے تفتیش کر رہی ہے۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے اور امدادی و قانونی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خانیوال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب عبدالکریم خان اور ایڈیشنل آئی جی ساتھ پنجاب کامران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔