علیمہ خان عدالت پیش ، وارنٹ گرفتاری معطل

اے ٹی سی جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث سماعت بغیر کارروائی آج تک ملتوی، شفقت اعوان سمیت ارکان اسمبلی کی ضمانت منظور
راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان گزشتہ روز 26نومبراحتجاج کیس میں انسدادہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوگئیں تاہم اے ٹی سی جج امجد علی شاہ کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت آج تک ملتوی کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق علیمہ خانم اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ انسدادد ہشت گردی عدالت اسلام آبا د میں پیش ہو ئیں ،مقدمہ میں ملزمہ کے وکیل نے آخری دو گواہوں پر جرح کرنا تھی ،اس سے قبل وہ 16گواہوں سے جرح مکمل کرچکے ہیں۔ علیمہ خان سمیت تمام 11 ملزم عدالت میں موجود تھے تاہم عدالت کے جج امجد علی شاہ چھٹی پر ہونے کے باعث کوئی کارروائی نہ ہو سکی، عدالت نے آخری دونوں گواہوں اورتفتیشی افسروں کو آئندہ تاریخ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت پیشی پر علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردئیے گئے جبکہ آئندہ تاریخ ہر صورت عدالت پیش ہونے کا حکم دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کی عدالت نیریاست مخالف ٹویٹس کیس میں پی ٹی آئی رہنماء سیمابیہ طاہر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی۔ اسلام آباد کی انسداددہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ریڈ زون میں ہنگامہ آرائی کیس کے ملزموں ایم این اے شفقت اعوان اور ایم این اے عمر اسلم،ایم پی اے رفعت شاہ، سرفراز ڈوگر، ملک اسد اور طیب راشد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہاکرنے کا حکم دیدیا۔ملزموں کے خلاف دہشت گردی،اقدام قتل سمیت 11 دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے ،انہیں 10، 10 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض ضمانت منظور کرنے کا حکم سنایاگیا۔