علیمہ خان 11ویں وارنٹ کے بعد عدالت میں پیش ہوگئیں

 مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات چیلنج کردیں‘10 ملزم اور5گواہ عدالت میں موجود تھے
پراسیکیوٹر کی وارنٹ منسوخی اور بینک اکائونٹس بحالی کی سخت مخالفت،وکیلِ سرکار کو نوٹس ، 26 نومبر کو دلائل طلب 
راولپنڈی(آئی این پی )تھانہ صادق آباد کے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان گیارہویں  وارنٹ گرفتاری کے بعد انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہو گئیں۔ عدالت پہنچنے پر مقدمے کے دیگر 10 ملزمان  اور پانچوں گواہ بھی عدالت میں موجود تھے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے مقدمے کی سماعت شروع کی تو علیمہ خان نے مقدمے میں شامل دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کو چیلنج کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دینے کی استدعا دائر کی۔علیمہ خان نے اپنے خلاف جاری تمام وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے اور منجمد بینک اکائو نٹس بحال کرنے کی درخواست بھی دی۔ عدالت نے 7 اے ٹی اے ختم کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے وکیلِ سرکار کو نوٹس جاری کر دیا اور 26 نومبر کو دلائل طلب کر لئے ۔