علیمہ پھر عدالت پیش نہ ہوئیں ، 9ویں بار وارنٹ گرفتاری

ضامنوں اور سپرداری پر گاڑیاں لینے والوں کے بھی دوبارہ وارنٹ جاری 
پراپرٹیز کی تفصیلات پیش نہ کی گئیں، نوٹس جاری ، بینک رپورٹ عدالت داخل 
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان آٹھویں مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود بھی انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی پیش نہ ہوئیں، ملزمہ کے نویں مرتبہ بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری جبکہ عدالت نے ان کے ضامنوں اور سپرداری پر گاڑیاں حاصل کرنے والے ملزموں کے بھی دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج پر علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ کی سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ تمام گواہ تفتیشی افسر مال مقدمہ حاضر ہے۔سماعت میں علیمہ خان کی ملکیتی پراپرٹیز کی تفصیلات عدالت پیش نہ کی گئیں، عدالت نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب، ڈی جی پنجاب لینڈز ریکارڈ اتھارٹی،سی ڈی اے،چیف کمشنر اسلام آباد کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے۔ ملزمہ کی ملکیتی کمپنیوں اور شیئرز کی تفصیلات پیش نہ ہونے پر ایس ایم سی پی حکام کو بھی دوبارہ نوٹس جاری کر دیا گیا۔ علیمہ کے بینک اکاؤنٹس کے حوالے سے نجی بینک نے اپنی رپورٹ عدالت داخل کروا دی، سماعت کے دوران استغاثہ کے پانچ گواہان عدالت موجود تھے، ملزمہ اور وکلا صفائی کی عدم حاضری کے باعث شہادت ریکارڈ نہ ہو سکی، مقدمہ کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔