علیمہ خان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم ،لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز چودھری کے خلاف 9مئی کے مقدمات کا فیصلہ سنایا
لاہور ، راولپنڈی ، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیاجبکہ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری کی نو مئی جلا ئو گھیرا ئو کے تین مقدمات میں ضمانت منظور کرلی۔اعجاز چودھری کی جانب سے دائر تین مقدمات میں درخواستوں پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔عدالت نے تین مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا حکم سنا دیا۔ درخواست پر سماعت جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔اعجاز کے وکیل میاں علی اشفاق دلائل مکمل کیے اور بتایا کہ میرے م ئوکل کیخلاف مسلم لیگ ن کا آفس جلانے ،گلبرگ میں کیٹینر جلانے سمیت تین مقدمات درج ہیں۔انہوں نے م ئوقف دیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا جبکہ ان ہی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں منظور ہوچکی ہیں۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، عدالت نے حکم دیا کہ علیمہ خان کو گرفتار کر کے 11 اکتوبر کو پیش کیا جائے۔اسی مقدمے میں شامل دیگر 6 ملزموں عدالت میں پیش ہوئے جن پر فردِ جرم عائد کر دی گئی تاہم ملزموں نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے جس کے بعد عدالت نے علیمہ خان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے نئی تاریخ 11 اکتوبر مقرر کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف احتجاج وغیرہ کے مقدمات میں سے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کردیں۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہاکہ ملزم آئندہ پیش نہ ہوئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے،عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمے کی سماعت8 نومبر تک ملتوی کر دی،پی ٹی ائی رہنما فیصل جاوید کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا کے مقدمے میں مزید ایک گواہ کا بیان قلم بند کر لیا گیا، آئندہ ئندہ سماعت پر وکلا صفائی گواہوں پر جرح کا اغاز کریں گے، عدالت نے تھانہ انڈسٹریل ایریا کے مقدمے کی سماعت 20 اکتوبر تک جبکہ تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمہ کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کی تھانہ شادمان کیس میں سزا کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی ،دو رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت 13اکتوبر تک ملتوی کردی پراسیکیوشن نے تیاری کے لیے مہلت کی استدعا کردی۔ انسداد دہشتگری عدالت نے سابق وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کے خلاف تھانہ صدر حسن ابدال اٹک میں درج مقدمے میں عبوری ضمانت میں 28 اکتوبر تک توسیع کردی۔