امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لئے مسودہ تیار ہے،ایرانی وزیرِ خارجہ

 تہران نے تنازعات کو روکنے کیلئے معاہدے کے رہنما اصولوں پر اتفاق کیا
تہران(آئی این پی )ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔بی بی سی  کے مطابق، انھوں نے یہ بات بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔خیال رہے کہ ایرانی وزیر اور آئی اے ای اے کے سربراہ کے درمیان یہ بات چیت جنیوا میں عمان کی ثالثی میں تہران اور واشنگٹن کے مابین مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد ہوئی ہے۔ قبل ازیں  عراقچی نے کہا تھا کہ تہران اور واشنگٹن نے تنازعات کو روکنے کے لیے معاہدے کے رہنما اصولوں پر اتفاق کیا ہے۔ تاہم امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے ایران نے ابھی تک امریکہ کی تمام ریڈ لائنز کو قبول نہیں کیا ہے۔ ادھر امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے خبردار کیا ہے کہ تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے واشنگٹن جو بھی کرنا پڑا، کرے گا۔