قومی مفادات کے تحفظ کیلئے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، دھمکیوں اور غیر معقول توقعات سے گریز کیا جائے،مسعودپزشکیان
تہران(آئی این پی )ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ قومی مفادات کے تحفظ کیلئے امریکا کے ساتھ مذاکرات کیے جا سکتے ہیں، تاہم ان میں دھمکیوں اور غیر معقول توقعات سے گریز کیا جائے۔صدر پزشکیان نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں موقف اختیار کیا، انہوں نے کہا کہ دوست علاقائی ممالک کی جانب سے امریکا کے صدر کی مذاکرات کی تجویز پر ردِعمل دینے کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے وزیر خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ منصفانہ اور مساوی بنیادوں پر بات چیت کے لیے ماحول سازگار بنانے کی تیاری کریں۔صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ، یہ مذاکرات اسی صورت ممکن ہوں گے جب ایسا ماحول قائم ہو جس میں کسی قسم کی دھمکیاں اور غیر معقول توقعات شامل نہ ہوں، انہوں نے واضح کیا کہ ایران قومی مفادات کے تحفظ کو مقدم رکھتے ہوئے ہی کسی بھی ممکنہ سفارتی عمل میں پیش رفت کرے گا۔ایک اور ایکس پوسٹ میں ایرانی صدر نے کہا کہ یہ مذاکرات ہمارے قومی مفادات کے دائرہ کار میں ہی کیے جائیں گے۔