امریکا پاک بھارت براہ راست مذاکرات کا حامی ہے: وزیر خارجہ مارکو روبیو

امریکا پاک بھارت براہ راست مذاکرات کا حامی ہے: وزیر خارجہ مارکو روبیو

ویب ڈیسک: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان حل طلب تنازعات کے پرامن حل کے لیے براہ راست مذاکرات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے یہ مؤقف اپنے برطانوی ہم منصب سے ایک ٹیلیفونک رابطے کے دوران اختیار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا تسلسل نہایت اہم ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ مارکو روبیو نے کہا کہ دونوں ممالک کو دو طرفہ روابط اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور تمام تصفیہ طلب امور پرامن طریقے سے حل ہونے چاہییں۔امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کو خطے میں تناؤ کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ پیغام عالمی سطح پر جاری سفارتی دباؤ کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔