چیمپئنز ٹرافی: پہلے میچ میں شکست پر پاکستانی شائقین برہم، بابر اعظم تنقید کی زد میں

چیمپئنز ٹرافی: پہلے میچ میں شکست پر پاکستانی شائقین برہم، بابر اعظم تنقید کی زد میں

پاکستان میں 29 سال بعد ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز کی شکست نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کر دیا۔

 قومی ٹیم کی کارکردگی پر سوشل میڈیا پر تنقید کی بوچھاڑ ہوگئی، خاص طور پر کپتان بابر اعظم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کا احوال
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ پاکستان کے لیے 321 رنز کا ہدف حاصل کرنا مشکل ثابت ہوا، اور پوری ٹیم 48ویں اوور میں 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خوشدل شاہ 69، بابر اعظم 64 اور سلمان آغا 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، مگر ٹیم کی مجموعی کارکردگی توقعات پر پوری نہ اتری۔

سوشل میڈیا پر تنقید کی لہر
شائقین نے بابر اعظم کی 90 گیندوں پر 64 رنز کی اننگ کو خاص طور پر ہدف تنقید بنایا۔ کچھ صارفین نے انہیں "سست رفتار بیٹنگ" کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے طنزیہ میمز شیئر کیں، جبکہ کچھ نے کہا کہ وہ ٹیم کے لیے نہیں بلکہ اپنی ون ڈے رینکنگ بچانے کے لیے کھیل رہے تھے۔ ایک صارف نے سلمان آغا کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ٹیم کے لیے کھیلے جبکہ بابر صرف اپنی ففٹی بنانے کے چکر میں رہے۔

پاور پلے میں ناقص کارکردگی
پاکستان نے ابتدائی 10 اوورز (پاور پلے) میں محض 22 رنز بنائے، جو کہ کسی بھی ٹیم کا اپنے ہوم گراؤنڈ پر کم ترین پاور پلے اسکور ہے۔ شائقین نے اس سست رفتار آغاز کو ٹیم کی شکست کی بڑی وجہ قرار دیا اور قومی ٹیم کی بیٹنگ حکمت عملی پر سخت تنقید کی۔

تنقید کا سلسلہ جاری
پاکستانی شائقین کی مایوسی سوشل میڈیا پر ابھی تک برقرار ہے، جہاں شکست پر میمز اور طنزیہ تبصرے مسلسل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر ٹیم نے اپنی بیٹنگ اور حکمت عملی میں بہتری نہ لائی تو چیمپئنز ٹرافی میں آگے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔