بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جانے والا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ شدید دھند کے باعث ایک بھی گیند پھینکے بغیر منسوخ کر دیا گیا، جس پر شائقین کرکٹ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے آغاز سے قبل ہی میدان اور اس کے اطراف میں دھند چھا گئی، جس کے باعث امپائرز نے طویل انتظار کے بعد مقابلہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔اس غیر متوقع صورتحال پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے ساتھ ساتھ گھروں میں میچ دیکھنے کے منتظر ناظرین بھی سخت مایوس دکھائی دیے۔سوشل میڈیا پر بھی شائقین نے انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے اپنی ناراضی کا اظہار کیا۔ کئی مداحوں کا کہنا تھا کہ موسم کی پیشگی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر منصوبہ بندی کی جا سکتی تھی تاکہ شائقین کو مایوسی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
میچ دیکھنے آئے ایک شائق نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’’میں نے تین بوری گیہوں بیچ کر میچ کا ٹکٹ خریدا تھا، میرے پیسے واپس کیے جائیں۔‘‘بعض شائقین نے یہ بھی کہا کہ محض ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے سے ان کے نقصان کا ازالہ ممکن نہیں، کیونکہ وہ پیسوں کے بجائے میچ دیکھنے کے لیے آئے تھے۔