بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج نے چیمپئنز ٹرافی اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ون ڈے ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔
سراج نے ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت 23 جنوری کو رانجی ٹرافی میں ہماچل پردیش کے خلاف میچ نہیں کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، سراج ودربھ کے خلاف سیزن کے آخری میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔بھارتی سلیکٹرز نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے محمد سراج کی جگہ ارشدیپ سنگھ کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اس حوالے سے تبصرہ کیا اور بتایا کہ سراج پرانی گیند سے بولنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ روہت شرما کے مطابق، ٹیم کو ایک ایسے بولر کی ضرورت تھی جو درمیانی اور آخری اوورز میں نئی گیند سے اچھا بولنگ کر سکے، اور اس لیے ارشدیپ سنگھ کو موقع دیا گیا۔روہت شرما نے مزید کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ سراج کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، کیونکہ سراج ایک قابل بولر ہیں، لیکن ٹیم کو اس وقت ایسے بولرز کی ضرورت تھی جو ورائٹی فراہم کر سکیں اور نئی گیند سے بھی اچھی بولنگ کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں جسبریت بمراہ، محمد شامی اور ارشدیپ سنگھ جیسے بولرز موجود ہیں جو نئی گیند سے گیند کر سکتے ہیں، اور ان تین بولرز کے ساتھ وہ ٹیم کو بہترین ورائٹی دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ محمد سراج نے آسٹریلیا کے خلاف پانچوں ٹیسٹ میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 وکٹیں حاصل کیں، جس سے ان کی مہارت اور فاسٹ بولنگ کی اہمیت مزید اجاگر ہوئی ہے۔