پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا آغاز، پہلے میچ میں پاکستان کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا آغاز، پہلے میچ میں پاکستان کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز ہوگیا، پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

میچ تفصیلات:
پاکستانی وقت کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پوری ٹیم ایک یونٹ کے طور پر کھیلے گی، جیت کے لیے نیوزی لینڈ سے بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بابر اعظم اننگز کا آغاز کریں گے اور ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ 2017ء سے اب تک بہت کچھ بدل چکا ہے لیکن ہمارا عزم وہی ہے۔ وہ ہوم گراؤنڈ پر چیمپئنز ٹرافی کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے 2017ء کی چیمپئنز ٹرافی فائنل کی یادیں تازہ کرتے ہوئے فخر زمان کی سنچری، محمد عامر کے شاندار اسپیل اور آخری لمحات کو بہترین لمحات قرار دیا۔

کراچی میں ٹریفک پلان:

میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خاص انتظامات کیے گئے ہیں:

سر شاہ سلیمان روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا۔
شائقین اسٹیڈیم پہنچنے کے لیے نیشنل کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں گاڑی پارک کریں گے۔
کارساز سے آنے والے شہری فلائی اوور کے نیچے سے کوچنگ سینٹر اور چائنا گراؤنڈ پہنچ سکیں گے۔
ہیوی ٹریفک کی گزرگاہیں:سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر جا سکے گی۔
پیپلز چورنگی سے آنے والی ہیوی ٹریفک یونیورسٹی روڈ جا سکے گی۔
کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہیوی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔