پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ کل سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے تفصیلات فراہم کیں۔
افتتاحی میچ کل کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، اور اس موقع پر صدر آصف علی زرداری مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں پاکستان ایئرفورس کی جانب سے شاندار شیر دل فضائی مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام ٹیموں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیمز میں بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 29 برس بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ کی پاکستان میں میزبانی پر فخر محسوس کرتے ہیں اور شاندار انعقاد سے پاکستان کا وقار بلند کریں گے۔اجلاس میں پی سی بی کے دیگر حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے، جن میں ایڈوائزر عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، ڈائریکٹر سیکیورٹی، ڈائریکٹر انفراسٹرکچر، ڈائریکٹر ایچ آر و ایڈمن، ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، ہیڈ آف آئی ٹی اور ہیڈ آف ویمنز ڈیپارٹمنٹ شامل تھے۔