آج ہماری بہادر فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال عراق، لبنان اور شام سے بھی بدتر ہوتا،کامران ٹیسوری
بریڈفورڈ(آئی این پی )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کی ضامن ہے، اگر آج ہماری بہادر فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال عراق، لبنان اور شام سے بھی بدتر ہوتا۔ سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری نے برطانوی شہر بریڈفورڈ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا،انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل حافظ عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے سپہ سالار ناصرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں بل کہ معیشت کے استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ناصرف ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بل کہ وہ پاکستان کے حقیقی سفیر بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم ہے، حکومت ان کے مسائل حل کرنے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔