انسانی سمگلرز کیخلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اوورسیز پاکستانی قیمتی اثاثہ‘سہولتیں فراہم کرنا اولین ترجیح ہے شہبازشریف

  بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے  پاور آف اٹارنی اور جائیداد کی خرید و فروخت کا نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کیلئے کیو آر کوڈ متعارف کروایا جا چکا ہے :   ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے وزارت خارجہ میں اظہا ر خیال

جرم کے خاتمے کیلئے ریاستی اقدامات کے علاوہ ہر شہری کے تعاون، بیداری اور احساسِ ذمہ داری کی ضرورت ہے،متاثرین مجرم نہیں مظلوم ہیں،  حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کیلئے  کوشاں ہے :انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن  پر پیغام 
  اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔  بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے  پار آف اٹارنی اور جائیداد کی خرید و فروخت کا نظام اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کے لیے کیو-آر کوڈ متعارف کروایا جا چکا ہے۔  وزیر اعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے   سفارتخانوں میں سہولیات میں اضافے، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹائیزیشن، شکایات کے عمل کو مزید سہل بنانے اور بیرون ملک سے پاکستان میں مختلف کاموں و ادائیگیوں کیلئے  ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے وزارت خارجہ نے بریفنگ دی۔ اس سلسلے  میں منعقدہ  اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستان کے سفرا، وزارت داخلہ، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اعلی حکام نے وزیراعظم کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف  کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کیو-آر  کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائیزیشن خوش آئند ہے،  سفارتخانوں میں اسے آویزاں کرکے رسائی میں اضافہ کیا جائے۔دریں اثناء شہباز شریف نے انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے  متاثرین مجرم نہیں بلکہ مظلوم ہیں،جرم کے خاتمے کیلئے ریاستی اقدامات کے علاوہ ہر شہری کے تعاون، بیداری اور احساسِ ذمہ داری کی ضرورت ہے۔انسانی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف دن اس تجدید عہد کیساتھ  منایا جا رہا ہے کہ اس  عالمی جرم کے انسداد کیلئے   مشترکہ کاوشیں پرعزم انداز میں جاری رکھیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ محض ایک بین الاقوامی جرم ہی نہیں بلکہ انسانی حقوق کی سنگین ترین اور منظم خلاف ورزیوں میں شامل ہے۔