آذربائیجان کے ساتھ قریبی تعلقات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں:عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر مواصلات سے آذربائیجان کے نائب وزیر معیشت کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق
    اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آذربائیجان کے نائب وزیر معیشت صمد بشرلی کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آذربائیجان کے ڈپٹی وزیر صمد بشرلی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باکو اور اسلام آباد کے درمیان رابطوں کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کو دو طرفہ تجارت بڑھانی ہے، پاکستان 25کروڑ آبادی کی بڑی مارکیٹ ہے، جہاں کاروبار کے وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ قریبی تعلقات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور تجارتی روابط سے دو طرفہ قربت مزید بڑھے گی۔اس موقع پر آذری ڈپٹی وزیر صمد بشرلی نے بھی پاکستان کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور سرمایہ کاری و تجارت کو مزید فروغ دینے پر آمادگی ظاہر کی۔