سلمان اکرم، بیرسٹر گوہر ، رئوف حسن کو بیرون ملک جانے کی سہولت ہے: فواد چودھری

ان لوگوں کو پی ٹی آئی کی اصل لیڈر شپ کو مائنس کرنے کیلئے انسٹال کیا گیا ، ہم بانی پی ٹی آئی کیساتھ ہیں
 اسلام آباد (آئی این پی )سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سلمان اکرم، بیرسٹر گوہر اوررئوف حسن کو بیرون ملک جانے کی سہولت ہے، پی ٹی آئی میں موجود لوگ کہتے ہیں میں تحریک انصاف کا حصہ نہیں، میں 48مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، نام ای سی ایل میں ہے، شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر کو ملک سے باہر جانے کی سہولت کیوں میسر ہے؟۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ پر تو کوئی مقدمہ بھی نہیں، پی ٹی آئی کی پرانی لیڈر شپ کے ساتھ رویہ مختلف کیوں ہے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو پی ٹی آئی کی اصل لیڈر شپ کو مائنس کرنے کیلئے انسٹال کیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ریلیز کمیٹی بنا رہے ہیں جو پرانے لوگوں پر مشتمل ہو گی۔ فواد چودھری نے کہا کہ شعیب شاہین کی زبان دیکھیں ان کو پھولوں کے ہار پہنانے سے تو رہا، ذاتی حملوں پر تو بندے کو غصہ آ ہی جاتا ہے،ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کیوں بچوں کی طرح لڑتے رہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی کے تین اجلاس ہوئے،میرے خلاف بیان کے علاوہ کچھ نہیں کیا،ان کے پاس بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ عجیب و غریب بیانیہ بناتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی خود باہر نہیں آنا چاہتے، جب تک یہ رہیں گے بانی پی ٹی آئی کے باہر آنے کا کوئی چانس نہیں ہے، یہ بانی کو باہر لانے کیلئے کچھ نہیں کر رہے اور فنڈنگ انجوائے کر رہے ہیں، یہ ذاتی معاملات کو بانی پی ٹی آئی کی سیاست پر ترجیح دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں جیسے وہ کہیں گے کر لیں گے۔