12 شہادتیں ہی کیوں بتائیں؟ علیمہ ،ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں کیسے اضافہ کرسکتے ہیں:بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا میں کارڈ دکھانے لگا ہوں، ہم نے بانی پی ٹی آئی کو کہا کہ آپ کارڈ نہ دکھائیں۔علیمہ خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کون سا کارڈ بانی پی ٹی آئی نے دکھانا ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ 9 مئی کیس میں فرد جرم سب پر لگا دیں تو اچھا ہوگا، ہمیں معلوم ہے جتنا نقصان ہورہا ہے، جیلوں میں لوگوں کو چھپایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے شہادتوں کا نام و نشان غائب رکھا جائے، پاکستان میں گمشدہ افراد کا ہمیں معلوم ہے۔زخمیوں کے گھروں میں دھمکیاں جارہی ہیں کہ گواہی نہ دیں۔علیمہ خان کی بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم راجا سے ڈی چوک میں احتجاج کے دوران کارکنوں کی اموات کی تعداد کم بتانے پر تکرار بھی ہوئی۔اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے کہا آپ نے 12 شہادتیں ہی کیوں بتائیں؟ بیرسٹر گوہر خان 12 شہادتوں کی تعداد پر ڈٹے رہے اور کہا کہ ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں بغیر تصدیق کے کیسے اضافہ کرسکتے ہیں؟۔علیمہ خان سے تکرار کے دوران پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجا بھی بیرسٹر گوہر خان کی حمایت کرتے رہے۔علیمہ خان نے سوال کیا کہ آپ یہ بتائیں آپ کس کس شہید اور زخمی کے گھر گئے؟۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سلمان اکرم راجا سے پوچھیں وہ کنٹینر سے گرنے والے کارکن کے گھر گئے تھے۔