پی ٹی آئی مرکزی قیادت میں اختلافات
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر تشویش کا اظہارکردیا: ذرائع، ملاقات کے لیے اڈیالہ جانے کے پیچھے کوئی مقصد نہیں تھا:بیرسٹر گوہر
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کی ملاقات نہ ہونے اور اڈیالہ جیل کے قریب سے علیمہ خان اوردیگر کومنگل کے روز حراست میں لینے کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت اسلام آباد کے خیبرپختونخوا ہائوس پہنچی تھی۔ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا ہائوس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت کے درمیان صلح کے لیے پارٹی رہنما کردار ادا کرتے رہے۔بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر علی ظفر کے نام اڈیالہ جیل کی دی گئی فہرست میں شامل نہ تھے، پی ٹی آئی کے ارکان نے ان دونوں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر اعتراض اٹھائے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کی اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنمائوں کو بتایا کہ ملاقات کے لیے اڈیالہ جانے کے پیچھے کوئی مقصد نہیں تھا۔ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی کے ملاقاتوں سے متعلق احکامات پر عمل در آمد پر زور دیا۔بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا نے سخت جملوں کے تبادلوں کے معاملے پر موقف دینے سے گریز کیا ہے۔