جرائم پیشہ عناصر ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں: ایس پی
لاہور (کرائم رپورٹر) برٹش کونسل کے زیر اہتمام یوتھ آواز 2 پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی ماڈل ٹائون سیدہ شہربانو نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں مختلف سماجی شخصیات کے علاوہ پنجاب بھر سے آئے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے بھرپور شرکت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق پروگرام کے دوران شرکاء نے ایس پی ماڈل ٹائون سے پولیس کے نظام اور فرائض سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے جوابات دیتے ہوئے ایس پی شہربانو نقوی نے نوجوانوں کو پولیس کے ڈیجیٹل سسٹم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پینک بٹن اور ویمن سیفٹی ایپ کے استعمال اور افادیت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ایس پی شہربانو نقوی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے کرائم فری پنجاب ویژن کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور ویمن سیفٹی ایپ کا قیام شامل ہیانہوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام، سوشل میڈیا کے درست اور غلط استعمال، اور آن لائن پرائیویسی کے تحفظ پر بھی روشنی ڈالی۔ ایس پی ماڈل ٹائون کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں، اس لیے نوجوان سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوئے محتاط رہیں۔ایس پی شہربانو نقوی نے مزید بتایا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے میثاق سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس 24 گھنٹے عوام کی حفاظت اور تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے آگاہی سیشن کوسراہا۔