خواتین اپنے مسائل اور شکایات درج کرا سکتی ہیں:سیدہ شہربانو نقوی

سوشل میڈیا پر کسی بھی اجنبی شخص سے ذاتی معلومات شیئر نہ کی جائیں :ایس پی
 لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا اینڈ ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس میں ایس پی ماڈل ٹاؤن سیدہ شہربانو نقوی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی دیگر پروفیشنل شخصیات نے بھی شرکت کی۔ترجمان پولیس کے مطابق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی شہربانو نقوی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے کرائم فری پنجاب وڑن پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ صوبائی حکومت جرائم کے خاتمے اور خصوصاً خواتین کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کیلئے ’’ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور ویمن پولیس ایپ‘‘ تشکیل دی جاچکی ہیں، جن کے ذریعے خواتین بآسانی اپنے مسائل اور شکایات درج کرا سکتی ہیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن نے طلبہ و طالبات کو پولیس کے جدید آن لائن سسٹمز، فراڈ سے بچاؤ، سوشل میڈیا کے درست استعمال اور پرائیویسی کے تحفظ کے حوالے سے بھی آگاہ کیاانہوں نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی اجنبی شخص سے ذاتی معلومات شیئر نہ کی جائیں کیونکہ جرائم پیشہ عناصر ہنی ٹریپ اور بلیک میلنگ جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔سیمینار میں تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام سے متعلق پولیس کی جاری مہم پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ایس پی شہربانو نقوی نے کہا کہ پولیس 24 گھنٹے عوام کی حفاظت کیلئے سرگرم عمل ہے، تاہم ایک محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے شہریوں خصوصاً نوجوانوں کا تعاون ناگزیر ہیانہوں نے مزید بتایا کہ طلبہ کی آگاہی کیلئے پولیس کی جانب سے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آگاہی مہمات جاری ہیں جن کا مقصد نوجوان نسل کو جرائم اور سماجی برائیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔