ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کا تھانہ کاہنہ کے مختلف علاقوں کا دورہ

 شہریوں کے مسائل کا بروقت حل پولیس کی اولین ترجیح ، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی
 لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے تھانہ کاہنہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے چوکی صوئے اصل کا بھی دورہ کیادورے کے دوران اے ایس پی کاہنہ اور ایس ایچ او کاہنہ بھی ایس پی ماڈل ٹاؤن کے ہمراہ موجود تھے۔ ایس ایچ او کاہنہ نے ایس پی شہربانو نقوی کو مختلف ڈیٹرنس پوائنٹس کی نشاندہی کروائی۔ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اہم مقامات کے اطراف میں پٹرولنگ کو سو فیصد یقینی بنایا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام مؤثر انداز میں کی جا سکے۔ انہوں نے تھانے کے مالخانہ اور چوکی کی صفائی کا بھی معائنہ کیا اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔ایس پی شہربانو نقوی نے افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی تمام پینڈنگ درخواستوں کو میرٹ پر فوری طور پر یکسو کیا جائے جبکہ جرائم برخلاف پراپرٹی کے مقدمات کا اندراج بلا تاخیر عمل میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت حل پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔