بھارت کے ریاست آسام کے ضلع ہوجائی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب سائرنگ نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس ٹرین ہاتھیوں کے جھنڈ سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں آٹھ ہاتھی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا، تاہم انسانی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ تقریباً رات 2 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ ریلوے حکام کے مطابق پائلٹ نے صورتحال دیکھ کر فوری ایمرجنسی بریک لگائی، مگر ہاتھی ٹرین سے ٹکرا گئے اور حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔حادثے کے بعد سینئر ریلوے افسران موقع پر پہنچے اور متاثرہ بوگیوں کے مسافروں کو دیگر کوچز میں موجود خالی برتھوں پر منتقل کیا گیا۔ مختصر وقفے کے بعد ٹرین صبح تقریباً 6 بج کر 15 منٹ پر گوہاٹی کے لیے دوبارہ روانہ ہو گئی۔ریلوے حکام نے بتایا کہ گوہاٹی پہنچنے پر مسافروں کی سہولت کے لیے اضافی کوچز شامل کیے جائیں گے، جس کے بعد ٹرین اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگی۔