وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تعلیمی اداروں کے سامنے سڑکوں پر زبیراکراسنگ اور کیٹ آئیز لگانے کی ہدایت کی ہے تاکہ سڑکوں پر حفاظت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس میں راولپنڈی ڈویژن کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس کے دوران مریم نواز نے سرگودھا اور راولپنڈی کے کمشنرز کو اچھی کارکردگی پر شاباش دی اور ان کی محنت کو سراہا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے تمام بڑے شہروں میں انڈر پاس کے اطراف اور اوور ہیڈ برج کے نیچے گرین بیلٹس بنانے کا بھی حکم دیا، تاکہ شہری علاقوں کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری میں اضافہ ہو سکے۔لاہور اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں اوور ہیڈ برج اور انڈر پاس کی بیوٹیفکیشن کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ شہریوں کو خوبصورت اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی دی۔ انہوں نے صفائی کی صورتحال اور اشیائے ضروریہ کے نرخوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کی تاکید کی تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر خدمات اور سامان فراہم کیا جا سکے۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کیا جائے اور عوام کو گورننس میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے بڑے شہروں میں ماڈل ریڑھی بازاروں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت بھی کی تاکہ تاجر طبقہ اور عوام دونوں کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔